علی رامے: پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور چارجنگ انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے نئی پالیسی سفارشات حکومت کو پیش کر دی گئی ہیں، جن میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے اور مالی مراعات دینے کی تجاویز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی نے حکومت کو اپنی سفارشات پیش کر دی ہیں، جن کا مقصد صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے چارجنگ نیٹ ورک کو تیزی سے وسعت دینا اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
سفارشات میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے نجی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے، جبکہ دیہی علاقوں میں چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے والوں کو مالی مراعات دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق ای وی چارجنگ نیٹ ورک کے لیے سرکاری اور نجی زمین استعمال کرنے، چارجنگ اسٹیشنز بنانے والے سرمایہ کاروں کو ریونیو گارنٹی اور گرانٹس فراہم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
سفارشات میں الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبوں کے لیے پنجاب ای وی ٹرانزیشن فنڈ قائم کرنے، گرین بانڈز اور عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈنگ حاصل کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
مزید برآں، الیکٹرک گاڑیوں کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے قواعد و ضوابط میں نرمی، جبکہ ای وی چارجنگ، بیٹری سویپنگ اور ری سائیکلنگ کے نظام کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔
دستاویز میں الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ایک خصوصی یونٹ قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ منصوبوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔