ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، بارش کی پیشگوئی

موسم نے کروٹ بدل لی جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی ہے

لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، بارش کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مریم مظہر: لاہور میں سورج کی تپش برقرار رہنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں آج  بارش کے امکانات موجود ہیں، جبکہ ہوا 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے

ادھر فضائی آلودگی میں بھی کمی نہ آ سکی۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 151 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں موسم نے ایک بار پھر بدلتے رنگ دکھانے شروع کر دیے ہیں، کہیں بادلوں کا راج رہے گا تو کہیں ہلکی بارش گرمی کی شدت کم کرے گی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی اور اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں کے لیے تازہ موسمی صورتحال جاری کر دی ہے۔

کراچی میں آج دن بھر جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے جبکہ شام کے وقت چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ ایک ہفتے تک باقاعدہ بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی، تاہم درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مغربی سمت سے ہوائیں تقریباً 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں آج بھی بارش کا امکان برقرار ہے، اگرچہ دن کے اوقات میں موسم نسبتاً گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور رات کے وقت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

موسمیاتی ادارے نے گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی بھی نوٹ کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں آج تقریباً 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔