سٹی42: پاکستان میں پہلا انٹرنیشنل گولڈ میڈل لانے والے سینئیر سپورٹس مین آج سو سال کی عمر میں قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
پاکستان کے لیے بین الاقوامی کھیلوں میں پہلا گولڈ میڈل دین محمد پہلوان لائے تھے۔
دین محمد پہلوان کے بیٹے نے بتایا ہے کہ آج دین محمد پہلوان قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
دین محمد نے 1955 میں ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل دلوایا تھا۔ یہ کسی بھی انترنیشنل سپورٹس ایونٹ میں پاکستان آنے والا پہلا گولڈ میڈل تھا۔
دین محمد اس سال فروری میں سو سال کے ہوئے تھے .

دین محمد پہلوان کا جنازہ
دین محمد پہلوان کا جنازہ آج رات نو بجے لاہور کے نواحی علاقہ باٹا پور میں ہو گا۔
دین محمد پہلوان کے انتقال پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر ، صدر پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن چوہدری ارشد ستار اور صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن مہر اکرم عرف کالا پہلوان نے تعزت کا اظہار کیا ہے۔
ڈی جی سپورٹس اور صوبائی وزیر کھیل کا اظہارِ افسوس
ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ ریسلر دین محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ خضر افضال چودھری نے کہا کہ دین محمد پاکستان کے پہلے ایشین گولڈ میڈلسٹ تھے، انہوں نے ملک کا نام روشن کیا۔ دین محمد کی سپورٹس میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ دین محمد کو جنت میں اعلی مقام عطاء فرمائے،آمین۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی جانب سے پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ ریسلر دین محمد کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔ فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ ریسلر دین محمد کی ملک کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، دین محمد نے ریسلنگ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین محمد جیسے قومی ہیروز قوم کا فخر ہیں۔
صوبائی وزیر نے مرحوم کے اہلیخانہ سے دلی ہمدردی اور صبر و جمیل کی دعا کی، کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم دین محمد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔