ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال میں تبدیلی کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں بارش کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

 لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہو گئی ہے۔ شہر عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 183 سے 184 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں اے کیو آئی 423، وحدت روڈ پر 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 324 ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی رفتار 3 سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دھند کے باعث حدِ نگاہ 2 کلومیٹر رہی۔

کراچی میں رواں سال معمول سے پہلے گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج تیز دھوپ کے ساتھ موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ آئندہ چند دنوں میں کسی نئی سرد لہر کا امکان نہیں جبکہ رواں ماہ سردی کی شدت معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود ہے اور شام یا رات کے وقت بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات میں بھی چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بعض علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔