(سعدیہ خان) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزماں کائرہ نے کہا ہے کہ پی سی او ججز کے سب سے بڑے حمایتی میاں نواز شریف خود تھے۔ نواز شریف کو سزائیں اپنے کرموں اور جرموں کی وجہ سے ہوئیں۔
لاہور میں میر ہزار خان بجارانی کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر الزماں کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی عدلیہ اور فوج پر تنقید کا مقصد اداروں اور عدلیہ پر پریشر ڈالنا ہے۔ آج وہ عوام کی فلاح و بہبود کی بات کر رہے ہیں۔ ان کی پارٹی حکومت میں ہے وہ کریں اس حوالے سے قانون سازی کس نے انکو روکا ہے۔ نواز شریف پی سی او ججز کی بات کرتے ہیں حالانکہ ماضی میں وہ خود ان کے سب سے بڑے حمایتی تھے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جن ججز پر تنقید کی انکا نام لیکر کی اور باقاعدہ ثبوتوں کے ساتھ کی۔ عمران خاں پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ طوطا فالوں اور پیشین گوئی کی سیاست سے پیپلز پارٹی باز آئی۔
ایک سوال کے جواب میں قمر الزماں کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 5 تاریخ کو موچی دروازہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے جا رہی ہے اس کی گواہی عوام دے گی۔