سٹی42: ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی/وسطی پنجاب، کشمیر،بالائی خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور کا موسم آج گرم اور خشک رہے گا جبکہ ہوائیں بند ہونے کے باعث حبس اور گھٹن کی کیفیت برقرار ہے، جس نے شہریوں کو شدید بے چینی میں مبتلا کر رکھا ہے جبکہ دوپہر کے اوقات میں 40 فیصد تک بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا مگر بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوائیں صرف 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو موسم میں کوئی خاص تبدیلی لانے سے قاصر ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک جا سکتا ہے، جس کے باعث حبس کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ زیادہ پانی پئیں، دھوپ سے بچیں اور ضرورت کے بغیر باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ گرمی اور حبس سے ممکنہ طبی مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
شہر قائد میں بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے، محکمہ موسمیات نے آج رات اور صبح کے اوقات میں ہلکی بارش (بوندا باندی) کی پیش گوئی کر دی۔ مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ مرطوب موسم شہریوں کو گرمی سے کچھ ریلیف دے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جنوب مغرب سے 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے، جو مرطوب موسم کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دن کے دوران درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر کا فضائی معیار (Air Quality Index) بھی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 51 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، جو محفوظ سطح میں شمار ہوتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 3 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اور گلیات سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ خیبرپختونخوا کے علاقوں بونیر، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، بری پور، ایبٹ آباد، اٹک اور گردونواح تک پھیل سکتا ہے۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات پر کھڑے نہ ہوں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔