شہبازعلی:دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے کڑے احتساب کی تیاری کرلی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں متعدد کھلاڑیوں کو پی سی بی میں طلب کیے جانے کا امکان ہے، جہاں دوروں کے دوران کارکردگی اور بعض اہم معاملات پر وضاحت طلب کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر امام الحق کی انجری کے معاملے پر مکمل انکوائری کی جائے گی، جبکہ ان کی فٹنس سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی میں سینئر ڈاکٹرز کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
انکوائری کمیٹی امام الحق کی انجری اور فٹنس سے متعلق تمام معاملات کا جائزہ لے گی، جس کے بعد کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ان کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر انکوائری میں امام الحق کو قصوروار ٹھہرایا گیا تو ان پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے دوروں کے دوران رویے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کو فی الوقت کسی بھی طرز کی کرکٹ کے لیے زیر غور نہ لانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں قومی ٹیم کی کارکردگی، کھلاڑیوں کے معاملات اور انتظامی امور کا مجموعی جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔