ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب کی جیلوں کی مؤثر انسپکشن کے لیے جدید مانیٹرنگ پورٹل کا نفاذ

پنجاب کی جیلوں کی مؤثر انسپکشن کے لیے جدید مانیٹرنگ پورٹل کا نفاذ
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر: پنجاب کی جیلوں میں انسپکشن اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید آن لائن پورٹل اور ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ نافذ کر دیا گیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے جیلوں کی انسپکشن اور مانیٹرنگ کے لیے تیار کیے گئے جدید آن لائن پورٹل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور سینئر پریژن افسران کو آن لائن پورٹل کے مؤثر استعمال کی ہدایات جاری کی گئیں۔

حکام کے مطابق جدید پورٹل کے ذریعے پنجاب کی تمام جیلوں کی سکیورٹی، انتظامی امور اور قیدیوں کی صورتحال سے متعلق تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی۔ جیل قوانین اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی مانیٹرنگ نظام کے ذریعے بروقت حاصل کی جا سکے گی۔

سیکرٹری داخلہ نے ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کے ذریعے جیلوں کی انسپکشن رپورٹس کا مشاہدہ کیا۔ ڈیش بورڈ پر ہر جیل میں قیدیوں کی مقررہ گنجائش، موجودہ تعداد اور روزانہ نئے آنے والے قیدیوں کی تفصیلات درج کی جا رہی ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیش بورڈ میں قیدیوں کی عمر، تعلیمی قابلیت اور صحت کی صورتحال سمیت دیگر ضروری معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے جدید مانیٹرنگ نظام پر جیل اور پریژن فاؤنڈیشن کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پریژن ویلفیئر اسٹورز کے آن لائن پورٹل پر اسیران کی خریداری کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کی خریداری اور متعلقہ اشیاء کی قیمتوں کی تفصیلات بھی پورٹل پر دستیاب ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ جیلوں کو پورے خطے کے لیے مثالی اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ جیل خانہ جات میں خود احتسابی کے نظام کو فعال بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ نااہلی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ جدید مانیٹرنگ نظام کے ذریعے جیلوں کے انتظامی اور اصلاحی امور کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔

اجلاس میں آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اطہر مسعود، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ایڈیشنل ڈی جی فرانزک سائنس اتھارٹی عمران علی، ڈی آئی جی پریزن نوید رؤف، ایڈیشنل ڈائریکٹر کرنل جمال اور ایڈیشنل ڈائریکٹر اسد اللہ نے شرکت کی۔