ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عمان کا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 10 سالہ گولڈن ویزا دینے کا اعلان

عمان کا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 10 سالہ گولڈن ویزا دینے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:سلطنت عمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ہنر مند افراد کو راغب کرنے کے لیے 10 سالہ گولڈن رہائشی ویزے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عمان کے ویژن 2040 کے تحت اقتصادی اصلاحات کو فروغ دینا اور ملک میں سرمایہ کاری، روزگار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بڑھانا ہے۔

حکام کے مطابق یہ گولڈن ویزا پروگرام نجی شعبے کی ترقی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور ہنرمند افرادی قوت کو عمان لانے کے لیے ایک اسٹریٹجک قدم ہے۔ اس اسکیم کے تحت وہ غیر ملکی سرمایہ کار جو کم از کم 2 لاکھ عمانی ریال (تقریباً 5 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کرتے ہیں، انہیں 10 سالہ قابل تجدید رہائشی ویزہ دیا جائے گا۔

یہ ویزہ صرف سرمایہ کار ہی نہیں بلکہ ان کے شریک حیات، بچوں اور قریبی رشتہ داروں پر بھی لاگو ہوگا، اور اس میں عمر یا تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

عمان کی وزارت منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر جنرل مبارک بن محمد الدوہانی نے کہا ہے کہ گولڈن ویزا اور اس سے جڑی اصلاحات سرمایہ کاروں کو طویل مدتی مواقع اور استحکام فراہم کرتی ہیں، جبکہ مقامی کاروباروں کو وسعت دینے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔

خیال رہے کہ عمان سے پہلے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب جیسے خلیجی ممالک بھی طویل المدتی رہائش پروگراموں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کی پالیسی اپنا چکے ہیں۔