ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ویمنز ورلڈ کپ: پاک- بھارت ٹاکرے سے قبل بی سی سی آئی کا بیان آگیا

ویمنز ورلڈ کپ: پاک- بھارت ٹاکرے سے قبل بی سی سی آئی کا بیان آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے ایشیا کپ 2025 کے بعد آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کو بھی سیاست سے داغدار کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کی مردوں کی ٹیموں کے درمیان 3 اتوار تک جاری رہنے والی ہائی وولٹیج کرکٹ ٹکراؤ کے بعد اب خواتین ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ 5 اکتوبر کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گی۔

ایشیا کپ کے دوران مردوں کے مقابلوں کے دوران کشیدگی عروج پر رہی، جہاں بھارتی کپتان سوریہ کمار یادیو نے الزام لگایا کہ پاکستانی کھلاڑی میدان میں اشاروں اور رویے سے حد پار کر گئے اور نتیجتاً دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا جب کہ ٹاس کے وقت بھی سوریہ کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔

اس دوران پاکستان کے وزیرِ داخلہ اور چیئرمین پی سی بی و اے سی سی محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کو ٹرافی دینے سے اجتناب کیا کیوں کہ بھارتی کھلاڑیوں نے واضح کر دیا تھا کہ وہ ان سے ٹرافی وصول نہیں کریں گے۔ اس واقعے نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تناؤ کو مزید بڑھا دیا۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا بھارتی خواتین ٹیم پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے گی یا نہیں؟ سب کی نظریں بھارتی کپتان ہرمن پریت کور اور پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا پر ہوں گی کہ وہ ٹاس اور میچ کے بعد کیا رویہ اختیار کرتی ہیں۔

اپنی ہٹ دھرمی پر قائم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ خواتین ٹیم بھی مردوں کی روش اپنا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ”میں پیشگوئی نہیں کر سکتا،  بھارت کولمبو میں میچ کھیلے گا اور کرکٹ پروٹوکولز پر عمل ہوگا البتہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ کھلاڑی ہاتھ ملائیں گے یا نہیں۔“