ویب ڈیسک : پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جدید ترین ڈرون ڈیفنس خریدنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔ مریم نواز نے صوبے میں بائیکس سمیت تمام وہیلز پر ای ٹیگ لگانے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں سیکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ مریم نواز نے جدید ترین ڈرون ڈیفنس خریدنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور ڈرون پر پابندی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں بائیکس سمیت گاڑیوں پر ای ٹیگ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے 7 روز میں مائیکرو سیکیورٹی کاپلان طلب کر لیا اور پنجاب سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ بنانے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ مریم نواز نے سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی، اضلاع میں ڈسٹرکٹ آن لائن کرائم سینٹر قائم ہوں گے، سائبر کرائم کا شکار خواتین اوربچیوں کیلئے خصوصی سیل قائم ہوگا۔
مریم نواز نے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کی نشاندہی کیلئے کومبنگ آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم دیا اورہجوم سے نمٹنے کے لئے قائم آر ایم پی کی ٹریننگ اور جدید ترین سیکیورٹی آلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے غیر روایتی صوبائی داخلی پوائنٹ سے آمدورفت پر پابندی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ اس موقع پرصوبائی داخلی راستوں پر سرچ لائٹ لگانے اور ڈرون سرویلنس کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سیکیورٹی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت پنجاب میں صورتحال کو بروقت سنبھالنے پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور لاہور پولیس کو شاباش دی اور امن و امان کی بحالی کے لئے متحرک علماء کرام کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔