ویب ڈیسک : یو اے ای حکام نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر آج اور کل ملک کی اسٹاک مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ہنگامی فیصلے کے تحت دو روز کے لیے اسٹاک مارکیٹیں بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ابوظہبی سکیورٹیز ایکسچینج اور دبئی فنانشل مارکیٹ دو دن تک بند رہیں گی جبکہ کیپیٹل مارکیٹس اتھارٹی نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے باعث امارات کی مارکیٹس میں اربوں ڈالر کے اثاثے عارضی طور پر معطل ہو گئے ہیں۔
علاقائی منڈیوں میں بھی منفی رجحان دیکھا گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے بینچ مارک انڈیکس میں 4 فیصد سے زائد کمی ہوئی، عمان کے انڈیکس میں 3 فیصد جبکہ مصر میں 5.44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ کویت نے بھی اسٹاک ٹریڈنگ مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق خطے میں معاشی دباؤ اور سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز نے علاقائی کشیدگی اور ایرانی حملوں کے تناظر میں متعدد پروازوں کی معطلی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی صورتحال اور مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، جبکہ متاثرہ روٹس میں حساس مقامات کے لیے آنے جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
ایئرلائنز نے مسافروں کو ری بکنگ اور ری فنڈ کی سہولت فراہم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا کسٹمر سروس سے ضرور چیک کریں۔ حکام کے مطابق حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر مرحلہ وار آپریشن بحال کیا جائے گا۔