طاہر جمیل:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم کو زیرو ویسٹ زون ڈکلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم اور اطراف میں صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے مطابق میچ سے قبل ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور نے قذافی اسٹیڈیم میں جامع صفائی آپریشن مکمل کیا۔ اس آپریشن میں 250 سے زائد ورکرز اور 8 واشر گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ون ڈے میچز کے دوران ہر انکلیوژر میں 15 ورکرز اور ایک سپروائزر ڈیوٹی پر موجود ہوں گے، جبکہ 50 سے زائد صفائی ورکرز اسٹیڈیم کے اطراف اور پارکنگ ایریاز میں صفائی کے فرائض انجام دیں گے۔
بابر صاحب دین کے مطابق مجموعی طور پر 200 سے زائد ورکرز اور 15 سپروائزرز میچ کے دوران صفائی کے انتظامات سنبھال رہے ہیں تاکہ اسٹیڈیم میں ماحول کو صاف اور بہتر رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دو واٹر باؤزرز اسٹیڈیم کے اطراف پانی کا چھڑکاؤ جاری رکھیں گے تاکہ گردوغبار پر قابو پایا جا سکے، جبکہ مکینیکل سویپرز کی مدد سے راستوں کی صفائی بھی مسلسل جاری ہے۔