لاہور: صوبہ پنجاب میں لاپتہ اور مغوی خواتین سے متعلق تفصیلی رپورٹ آئی جی پنجاب کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں 1853 خواتین تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں مقدمات مختلف مراحل میں زیرِ تفتیش ہیں۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں لاپتہ اور مغوی خواتین کے مجموعی طور پر 3252 مقدمات زیرِ تفتیش ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سماعت کے بعد پولیس نے 1405 خواتین کو بازیاب کروا لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب بھی 1853 خواتین لاپتہ ہیں جن کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 2145 مقدمات کی تفتیش 1927 تربیت یافتہ پولیس افسران کر رہے ہیں تاکہ کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی جی پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1847 مقدمات میں تفتیش کا عمل ابھی جاری ہے اور متعلقہ افسران مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ میں مقدمے کی آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔