ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بانی کی تصویر ہٹا دی گئی

بانی کی تصویر ہٹا دی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  جس شخص نے لاکھوں لوگوں کے ذہنوں میں تعصب کا زہر بھرا، اب اس کی تصویر لوگوں کی نظروں  کے سامنےسے ہٹائی جا رہی ہے۔

بھارت کی گود میں بیٹھ کر بنگلہ دیش کی حکومت چلانے والی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے والد  مشرقی پاکستان کو پاکستان سے الگ کر کے بنگلہ دیش بنانے والے شخص کی تصویر بنگلہ دیش کے نئے کرنسی نوٹوں سے ہٹ گئی۔ نئے کرنسی نوٹوں  میں بنگلہ دیش کی ریاست کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی فوٹو نہیں ہو گی۔ 

بنگلہ دیش  کی عبوری حکومت نے نئے کرنسی نوٹوں کا  ڈیزائن  پبلک کر دیا ہے۔ نئے کرنسی نوٹوں میں ریاست کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی تصویر کو ختم کر دیا گیا ہے۔ نئے کرنسی نوٹ "غیر سیاسی" ہوں گے۔ ان کرنسی نوٹوں پر  بنگلہ دیش کے تاریخی مقام اور بنگلہ دیش کے خوبصورت  قدرتی مناظر دکھائی دیں گے۔

بنگلہ دیش بینک نے  6 نئے کرنسی نوٹوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔ ان میں 500، 200، 100، 10، 5 اور 2 ٹکہ کے کرنسی نوٹ شامل ہیں۔ ان کرنسی نوٹوں ’تاریخی و آثارِ قدیمہ کی عکاسی‘ کے مقصد کو سامنے رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے بتایا ہے کہ یہ نیا سلسلہ تمام مالیت کے نوٹوں (1000، 500، 200، 100، 50، 20، 10، 5، 2 ٹکہ) پر محیط ہو گا۔ 1000، 50 اور 20 ٹکہ کے نوٹ پہلے ہی گردش میں آ چکے ہیں، جبکہ باقی نوٹ مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔ تمام پرانے نوٹ اور سکے بدستور قانونی حیثیت رکھیں گے۔

اس سے پہلے  بنگلہ دیش میں شیخ مجیب الرحمان کے سوگ والی عام تعطیل ختم کی جا چکی ہے۔

مرکزی بینک نےبتایا ہے کہ ہر نئے نوٹ کی اجرا کی تاریخ اور سیکیورٹی فیچرز سے متعلق معلومات پریس ریلیز کے ذریعے دی جائیں گی۔ یہ اقدام ملک کی تاریخ، ثقافت اور ورثے کی نمائندگی کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے حفاظتی فیچرز متعارف کرانے کی ایک کوشش بھی ہے۔

 گزشتہ سال 5 اگست کو بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران   عوامی لیگ کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد  ملک سے بھاگ کر اپنے سرپرست پڑوسی ملک بھارت چلی گئی تھی۔ حسینہ واجد کے جانے کے بعد عبوری حکومت بنگلہ دیش کو عوامی لیگ اور حسینہ واجد کے اثرات سے پاک کرنے کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ۔ اس وقت بنگلا دیش کی حکومت نگران انتظامیہ چلا رہی ہے جس کی قیادت غربت ختم کرنے پر مرکوز  سماجی ترقی کے آئیکون بینکر محمد یونس کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش جو  16 دسمبر  1971 تک پاکستان کا حصہ تھا، اب  قریباً 17 کروڑ آبادی پر مشتمل ہے۔