ملک اشرف : ایڈیشنل سلویسٹر پنجاب محمد خالد عمر کو ریگولر نہ کرنے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ ، لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی کو بدھ کو طلب کرلیا ، عدالت نے ریمارکس دئیے درخواست گزار اگر ڈیوٹی کررہا ہے تو اسے تنخواہیں کیوں نہیں دی جارہیں ، سیکرٹری قانون پیش ہوکر وضاحت کریں۔
جسٹس انوارحسین نے ایڈیشنل سلویسٹر پنجاب محمد خالد عمر کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار کی جانب سے میاں محمد اسلم ایڈووکیٹ پیش ہوئے اورموقف اختیار کیا کہ درخواستگزار پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کنٹریکٹ پر بھرتی ہو ا، کئی سال تک کام کرنے کے باوجود ریگولر کیا گیا ، نہ ہی کنٹریکٹ میں توسیع کی گئی ، لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے کنٹریکٹ میں توسیع کردی ،درخواستگزارکے ڈیوٹی کرنے کے باوجود تنخواہیں نہیں دی جارہیں ، درخواستگزار وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت درخواستگزار کو ریگولر کرنے اور سابقہ تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دے ۔