سٹی 42: ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل، پی ٹی اے کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی جانب سے SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں آنے والے تعطل کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ اس خرابی کے نتیجے میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں وقتا فوقتا ڈیگریڈیشن کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے)، SMW5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی بنیادی وجہ معلوم کرنے اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت (ETTR) کے تعین کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس دوران، خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات کی مکمل بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے