ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ، کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا:دفتر خارجہ

پاکستانی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ، کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا:دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی42)ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا، جبکہ پاکستان اور قطر اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

 ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ دوحہ میں اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، ترجمان کے مطابق وزیراعظم پہلے ایران جائیں گے، جہاں وہ شہید سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے، جبکہ بعد ازاں ترکیہ میں ایک بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

 طاہر اندرابی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے "غضب للحق" کے نام سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں،انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا اور پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ بھارتی قیادت کی وہ سوچ ہے جو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہے ، پاکستان ہمیشہ بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔

 ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں 22 ایرانی ملاحوں کے عملے کی رہائی ممکن ہوئی جبکہ پاکستان کی وساطت سے اپنے وطن واپس جانے والے ایرانی شہریوں کی مجموعی تعداد 70 ہو چکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن “غضب للحق” پوری قوت سے جاری ہے اور پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، 29 جون کو افغان ناظم الامور کو ڈیمارش کیا گیا تھا، جبکہ دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ایک افغان شہری کو زندہ گرفتار کیے جانے کے بعد بھی افغان حکام کے سامنے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

 طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اب “اولیو ڈپلومیسی” کا آغاز بھی کرے گا، زیتون کی کاشت میں نمایاں کامیابی اور بہتر کارکردگی کے باعث پاکستان کو انٹرنیشنل اولیو کونسل کی رکنیت حاصل ہوئی ہے، جو اس شعبے میں ملک کی پیش رفت کا اعتراف ہے۔

 ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان نے بھارتی جیلوں میں قید اپنے 750 شہریوں کی فہرست بھارت کے حوالے کر دی ہے اور حکومت ان تمام پاکستانی شہریوں کی رہائی اور باعزت وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

 پاک بھارت وزرائے اعظم کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ خط لکھنے والی شخصیات نے یہ اقدام اپنی ذاتی حیثیت میں کیا ہے۔

Ansa Awais

Content Writer