شہباز علی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی معاونت سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں بین الاقوامی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے اسٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین سے ملاقات کی، جس میں جدہ میں جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر اور باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
معاہدے کے تحت پی سی بی جدہ میں بین الاقوامی معیار اور جدید سہولتوں سے آراستہ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر میں معاونت فراہم کرے گا، جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل معیار کے مطابق تمام ضروری سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن منصوبے کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور آپریشنل معیار پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ سعودی عرب کو مستقبل میں بڑے بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ یہ سعودی ویژن 2030کے اہداف کے مطابق کھیلوں میں سرمایہ کاری اور اسپورٹس ٹورازم کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ان کے مطابق دونوں ادارے ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کھیل کو مزید مضبوط بنائے گی بلکہ عالمی کرکٹ برادری کو بھی قریب لانے کا ذریعہ بنے گی۔