سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے باجوڑ کی تحصیل خار میں صدیق آباد پھاٹک کے قریب سرکاری گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ محسن نقوی نے شہید اسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل سلطان، تحصیلدار عبدالوکیل، صوبیدار نور حکیم، کانسٹیبل رشید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیرداخلہ کی جانب سے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔