سٹی 42: محکمہ موسمیات نے آج رات اور پیر کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر شدید موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، پشاور، نوشہرہ اور پوٹھوہار ریجن کے نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
ادھر سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، شانگلہ، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔