عابد چودھری:چہلم اور سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے مختلف ڈائیورژن پوائنٹس کا دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی سٹی زون بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی انارکلی راشد حیات نے سی ٹی او کو مختلف ڈائیورژن پوائنٹس، ٹریفک مینجمنٹ اور متبادل راستوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایس ایس پی سٹی کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز اور 900 ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے تاکہ زائرین اور شہریوں کی آمدورفت کو منظم رکھا جا سکے۔
رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی گئی ہیں، جبکہ زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 5 خصوصی پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر بعض سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق لوئر مال روڈ پر چوک ضلع کچہری سے یو ٹرن پیر مکی تک ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور دورانِ سفر جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔