عمران یونس:ہائر ایجویشن کمیشن نے طلبہ کو نجی یونیورسٹیوں کی دھوکہ دہی سے بچانے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے جعلی یونیورسٹیوں، غیر رجسٹرڈ کیمپسز اور جعلی ڈگری پروگرامز کی فہرستیں جاری کر دی ہیں، جو ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق پنجاب میں 94 انسٹیٹیوٹ اور یونیورسٹی کیمپسز جعلی یا غیر رجسٹرڈ قرار دیے گئے ہیں، جبکہ سندھ میں 35، آزاد کشمیر میں 4 یونیورسٹی کیمپسز جعلی قرار دیے گئے ہیں۔ اسی طرح خیبرپختونخوا میں 12 اور فیڈرل چارٹرڈ کے تحت 2 انسٹیٹیوٹس کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
ایچ ای سی نے طلبہ اور والدین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی یونیورسٹی یا ڈگری پروگرام میں داخلہ لینے سے قبل ایچ ای سی کی جاری کردہ فہرست ضرور چیک کریں تاکہ جعلی اداروں میں داخلے سے بچا جا سکے۔
کمیشن کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی اداروں کی ڈگری نہ تو منظور کی جائے گی اور نہ ہی سرکاری ملازمت یا اعلیٰ تعلیم کیلئے قابل قبول ہوگی۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ طلبہ صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ یونیورسٹیوں میں داخلہ لیں۔