ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مختلف شہروں میں بارش، تیز ہوائیں اور ژالہ باری متوقع

ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان:محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

مختلف شہروں میں بارش، تیز ہوائیں اور ژالہ باری متوقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف حصوں میں موسم ایک بار پھر بدلنے جا رہا ہے، جہاں محکمہ موسمیات نے 4 اپریل تک بارشوں اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطا بق خاص طور پر بالائی علاقوں جیسے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ شام اور رات کے وقت مختلف مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے، جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اور دن کے دوران یہ 28 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ہوا کی رفتار تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور نمی کا تناسب 44 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں بھی موسم نے کروٹ لی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، شاہراہ فیصل، کارساز، اسٹیڈیم، ایئرپورٹ، ملیر، ماڈل کالونی، صدر، ایم اے جناح روڈ اور کلفٹن میں ہلکی بارش دیکھی گئی، جبکہ آئندہ گھنٹوں میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان برقرار ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادل اور دھوپ کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے۔ یہاں بارش کے امکانات کم، تقریباً 10 فیصد بتائے گئے ہیں۔ موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 اور کم سے کم 21 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور میں فضائی آلودگی بھی بدستور تشویشناک ہے، جہاں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 169 تک پہنچ گیا ہے، جو صحت کے لیے مضر سمجھا جاتا ہے۔ مختلف علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہے، جن میں علامہ اقبال ٹاؤن (244)، ڈی ایچ اے فیز 5 (184) اور ماڈل ٹاؤن (180) شامل ہیں۔

مجموعی طور پر ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند دنوں تک موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔