سلمان سلیم: کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ٹریفک کی صورتحال متاثر ہونے کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی مدد کیلئے سڑکوں پر موجود ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل اور ملینیم کے اطراف ٹریفک کا دباؤ برقرار ہے، خصوصاً دفتری اوقات کار کے دوران گاڑیوں کی تعداد بڑھنے سے سڑکوں پر رش میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے اہلکار مختلف چوراہوں اور شاہراہوں پر تعینات ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران آہستہ گاڑی چلائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ حکام کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔