ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 سرکاری سکولوں میں صفائی اور تعلیمی ماحول بہتر بنانے  کیلئے نئی ہدایات جاری

 سرکاری سکولوں میں صفائی اور تعلیمی ماحول بہتر بنانے  کیلئے نئی ہدایات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 جنید ریاض:محکمہ تعلیم پنجاب نے سرکاری سکولوں میں صفائی، نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول بہتر بنانے کے لیے فیلڈ افسران اور سکول سربراہان کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ہدایات کے مطابق اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اے ای اوز روزانہ اپنے مرکز کے کم از کم 4 سکولوں کا دورہ کریں گے، جن میں ایک ہائی سکول کا معائنہ بھی لازمی ہوگا۔

محکمہ تعلیم کے مطابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز   ڈپٹی ڈی ای اوزبھی روزانہ کم از کم 4 سکولوں کا دورہ کریں گے، جن میں ایک سیکنڈری اور 3 دیگر سکول شامل ہوں گے۔ سکول سربراہان کو روزانہ تین مرتبہ اپنے سکول کا ذاتی معائنہ کرنے اور کلاس رومز، واش رومز، کمپیوٹر لیب، سائنس لیبارٹریز، گراؤنڈز، کھیل کے میدان، راہداریوں اور دیگر تمام حصوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام سکول صبح تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے سے قبل مکمل طور پر صاف ستھرے اور تدریسی عمل کے لیے تیار ہونے چاہئیں، جبکہ تمام فیلڈ افسران کو صبح 7 بجے سے پہلے فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے ضرورت کے مطابق سکول عمارتوں کی وائٹ واشنگ اور معمولی مرمت کی اجازت بھی دے دی ہے۔ فیلڈ افسران کو سکول دوروں کی تصاویر تاریخ، وقت اور جی پی ایس لوکیشن کے ساتھ شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سکولوں کی صفائی کے لیے "ستھرا پنجاب" ٹیموں سے مؤثر رابطہ رکھا جائے اور صفائی سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ ٹیم کو فوری اطلاع دی جائے۔ سکول کونسلز کو بھی صفائی اور سکول ماحول کی بہتری میں فعال کردار ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق سکول وزٹ رپورٹس میں مشاہدات، خامیوں، اصلاحی اقدامات اور تصاویر شامل ہوں گی، جبکہ فیلڈ وزٹس میں غفلت، غیر حاضری یا ریکارڈ مکمل نہ رکھنے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔