عرفان ملک : پنجاب حکومت نے جرائم کے خاتمے کیلئے ہائی ٹیک سکیورٹی سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت جدید خودکار ڈرون ٹیکنالوجی کو پولیسنگ نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔
اس منصوبے کی منظوری وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے دیے جانے کے بعد عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور میں خودکار ڈاکنگ ڈرون پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا، جس کیلئے 20 جدید ڈرونز کی منظوری دی گئی ہے۔
کرائم ہاٹ اسپاٹس کے سروے کے بعد ڈرون اسٹیشنز کے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت جرائم کی اطلاع ملتے ہی خودکار ڈرون فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے گا۔
ویڈیو شواہد اکٹھے کرے گا اور خودکار نظام کے تحت واپس اپنے ڈاکنگ اسٹیشن پر آ جائے گا، پنجاب پولیس کیلئے یہ جدید ڈرونز چین سے منگوائے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید ڈرون نگرانی نظام سے نہ صرف جرائم کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی بلکہ فوری رسپانس میں بھی بہتری آئے گی۔
جبکہ اس اقدام سے صوبے میں سمارٹ پولیسنگ کے نظام میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔