علی ساہی: محکمہ ایکسائز پنجاب نے جاری مالی سال کے 10 ماہ میں 73 ارب روپے کے ہدف میں سے 61 ارب روپے کی وصولی کر لی، جبکہ باقی 12 ارب کی وصولی کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ صوبہ بھر میں 15 ہزار سے زائد کمرشل ڈیفالٹر پراپرٹیز کو سیل کیا جا چکا ہے اور ڈومیسٹک ڈیفالٹرز کو قرقی کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں ،محکمہ ایکسائز نے ہدف حاصل نہ کرنے والے انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ محکمانہ تقرر و تبادلوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ہفتہ وار چھٹی کے دن بھی 50 فیصد عملہ دفاتر میں موجود رہے گا، جبکہ موٹر ٹیکس کی وصولی کیلئے آئندہ دو ماہ روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندیاں کی جائیں گی۔
ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ پروفیشنل ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کیلئے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی، جبکہ مالی سال کے آخری دو ماہ میں ریجنل ڈائریکٹرز اور ای ٹی اوز خود بھی فیلڈ میں جا کر ریکوری مہم کی نگرانی کریں گے۔