ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں مصروف سڑک بیٹھ جانے سے 24 افراد ہلاک

Gwang Dong, South China, Industrial Region, 12th highway
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: جنوبی چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں شدید بارشوں کے باعث ہائی وے کا ایک ٹکڑا بیٹھ گیا، سڑک ٹوٹ جانے سے مصروف ہائی وے پر سفر کرنے والی گاڑیاں حادثہ کا شکار ہوئیں اور  کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارہ کے مطابق  جنوبی چین کا گنجان آباد صنعتی  علاقہ  گوانگ ڈونگ گزشتہ چند ہفتوں سے طوفانی بارشوں کی زد میں ہے جس سے کچھ علاقوں میں اچانک سیلاب آئے اور بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سنہوا نے بتایا کہ بدھ کی صبح تقریباً 2 بجکر 10 منٹ پر گوانگ ڈونگ صوبے میں میزو شہر اور ڈابو کاؤنٹی کے درمیان سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا۔ سنہوا کے مطابق اس واقعے کی وجہ سے 20 گاڑیاں پھنس گئیں جن میں 54 افراد سوار تھے۔ سنہوا نے بتایا ہے کہ سہ پہر 3 بجے تک 24 لوگوں کی موت کی تصدیق ہو چکی تھی جبکہ 30 ​​افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ بحالی کا کام جاری ہے اور ہسپتال میں زیر علاج افراد کی زندگیاں فی الحال خطرے سے باہر ہیں۔

ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی طرف سے شائع ہونے والی ایک فضائی تصویر میں تباہ شدہ گاڑیاں ایک گہرے کیچڑ کے گڑھے میں پڑی دکھائی دیتی ہیں جہاں  حادثہ سے پہلے ہائی وے تھا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی طلوع سورج سے پہلے فلمائی گئی ویڈیوز میں گڑھے س میں گری ہوئی بعض گاڑیوں سے شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھے جاسکتے ہیں۔

ایک شخص کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ آپ ہائی وے پر مزید  آگےنہیں جا سکتے۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس حادثہ کے متعلق سوشل میڈیا پر آنے والا ویژیول مواد واقعہی اسی حادثہ کے متعلق ہے یا نہیں تاہم سی سی ٹی وی نے کہا کہ ہائی وے کا منہدم ہونا ایک قدرتی آفت ہے، انہوں نے رپورٹ کیا کہ سڑک کا تقریباً 18 میٹر کا  ٹکڑا  گر گیا ہے۔

سی سی ٹی وی کے مطابق حکام نے ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے تقریباً 500 افراد کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا ہے جن میں عوامی تحفظ، ہنگامی ردعمل، فائر فائٹنگ اور کان کنی سے بچاؤ کو سنبھالنے والے محکموں کے افراد شامل ہیں۔

مقامی حکام نے ایک نوٹس میں کہا کہ ایس 12 ویں ہائی وے کا کچھ حصہ دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا ہے اور ڈرائیوروں کو دوسرا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

گوانگ ڈونگ میں آفات کا تسلسل
یہ واقعہ حالیہ ہفتوں میں گوانگ ڈونگ میں آنے والی مہلک آفات کے سلسلے میں تازہ ترین ہے۔

پچھلے مہینے زبردست بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف حصوں میں سیلاب آگیا تھا جس کی وجہ سے 4 افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی تھی۔

اس کے بعد 28 اپریل کو ایک طوفانی بگولے نے 5 افراد کی جان لے لی تھی۔