ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

رمضان المبارک میں موسلادھار بارشیں, پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

رمضان المبارک میں موسلادھار بارشیں, پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  سٹی42: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا۔

 پی ڈی ایم اے پنجاب نے رمضان المبارک کے آغاز اور بارشوں کے سلسلے کی آمد کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل سے 4 مارچ تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی واسا، ریسکیو، محکمہ آبپاشی، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کیا ہے تاکہ موسم کی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔محکمہ نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران ایمرجنسی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہوگی اور تمام محکمے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے۔

شہر لاہو میں  گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کی فضاؤں میں خنکی برقرار ہے اور سرد ہوائیں چلنے سے شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ موسم کو مزید خوشگوار بنا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔

 شہر میں فضائی آلودگی کی سطح میں اضافے کا بھی سامنا ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 112 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جو شہریوں کے لیے صحت کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے۔

کراچی میں آج سے موسم ایک بار پھر تبدیل ہو گیا، شہر میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو گرمی کا سامنا ہو گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،  شہر کا  کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور ہلکی خنکی کے ساتھ موسم خوشگوار محسوس ہو رہا ہے۔ 

مغربی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے۔  شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے اور اے کیو آئی کی رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 23 نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر آ چکا ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 105 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

 دوسری جانب  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان  ہے تا ہم  شمالی علاقوں اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع  ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم دیر، چترال ،سوات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اس دوران شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں چند مقامات پر دھند پڑ سکتی ہے، مری،گلیات اور گردونوا ح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سردرہنے کا امکان ہے۔  سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔