ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بجلی کی سیلف جنریشن پر بھی ڈیوٹی عائد، پنجاب حکومت کابڑا فیصلہ

بجلی کی سیلف جنریشن پر بھی ڈیوٹی عائد، پنجاب حکومت کابڑا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے:پنجاب حکومت نے نجی سطح پر بجلی پیدا کرنے والے اداروں کی نگرانی اور الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی وصولی کے لیے پنجاب الیکٹرسٹی ڈیوٹی رولز 2026 کی منظوری دے دی ہے۔ نئے قواعد کے نفاذ کے بعد خود بجلی پیدا کرنے والے بڑے صنعتی اور کمرشل یونٹس بھی حکومتی ریگولیٹری نظام کے دائرہ کار میں آ جائیں گے۔

نئے قواعد کے مطابق 500 کے وی سے زائد صلاحیت رکھنے والے نجی پاور جنریشن یونٹس کو رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ ایسے یونٹس پر خود پیدا کی جانے والی بجلی کے استعمال پر 4 پیسے فی یونٹ اضافی الیکٹرسٹی ڈیوٹی عائد کی جائے گی، جس سے پنجاب حکومت کو سالانہ تقریباً 30 کروڑ روپے اضافی آمدن متوقع ہے۔

قواعد کے تحت نجی پاور جنریشن یونٹس کو اپنی ماہانہ بجلی پیداوار اور استعمال کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھنا ہوگا اور باقاعدگی سے ماہانہ گوشوارے جمع کرانے ہوں گے۔ بڑے سیلف جنریشن یونٹس کے لیے علیحدہ انرجی میٹر کی تنصیب بھی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار اور استعمال کی درست نگرانی ممکن بنائی جا سکے۔

حکومت نے الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی وصولی کے لیے جدید اور مؤثر مانیٹرنگ نظام متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انسپکٹنگ افسران کو ریکارڈ، میٹرز اور بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات کے معائنے کے اختیارات حاصل ہوں گے جبکہ بجلی پیداوار اور استعمال کے ریکارڈ کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے گی۔

نئے قواعد کے تحت الیکٹرسٹی ڈیوٹی ادا نہ کرنے، غلط معلومات فراہم کرنے یا ریکارڈ چھپانے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ حکام کو عدم ادائیگی کی صورت میں تنصیبات سیل کرنے، سرچارج عائد کرنے اور ریکوری کے اقدامات کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

حکومت نے اس سلسلے میں پنجاب الیکٹرسٹی ڈیوٹی رولز 2012 کو ختم کرکے نئے پنجاب الیکٹرسٹی ڈیوٹی رولز 2026 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔