ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 کل سےلاہور سمیت پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی

 کل سےلاہور سمیت پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ثمرہ فاطمہ: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کئی علاقوں میں بوندا باندی اور بارش متوقع ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جون تک اپر اور سنٹرل پنجاب میں بادلوں کا راج رہے گا۔ اس دوران لاہور اور گرد و نواح سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات موجود ہیں، جس سے موسم خوشگوار ہونے اور گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل شام سے 5 جون تک بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ لاہور میں مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم میں یہ تبدیلی حالیہ شدید گرمی سے متاثر شہریوں کے لیے کسی حد تک ریلیف کا باعث بن سکتی ہے۔ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، تاہم بعض علاقوں میں آندھی یا تیز ہواؤں کا بھی امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

بات کریں ملکی مجموعی موسمی صورتحال کی تو ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے شدید ترین گرمی کا سلسلہ برقرار ہے، جہاں پنجاب اور سندھ کے متعدد اضلاع میں پارہ 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

تاہم، محکمہ موسمیات نے شہریوں کے لیے ریلیف کی نوید سناتے ہوئے آج سے ملک کے مختلف حصوں میں پری مون سون سرگرمیوں اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

 ملک کے جنوبی اضلاع اس وقت شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں ہوا میں نمی کے تناسب کے باعث گرمی کی اصل شدت ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

سبی: درجہ حرارت 41 ڈگری جبکہ گرمی کی شدت 46 ڈگری محسوس کی جا رہی ہے جبکہ تربت میں پارہ 40 ڈگری جبکہ شدت 45 ڈگری تک پہنچ گئی۔

جیکب آباد میں 40 ڈگری ، حیدرآباد میں 39 ڈگری ، پشاور میں 34، اسلام آباد میں 31، جبکہ کراچی اور لاہور میں33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

صوبہ سندھ میں آج جنوب مشرقی اور بالائی اضلاع (بشمول شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ اور جیکب آباد) میں پری مون سون سرگرمیوں کے باعث گرج چمک اور شدید آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 یہ سلسلہ4 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس سے بالائی اور وسطی سندھ میں جاری ہیٹ ویو کا زور ٹوٹنے کی امید ہے۔

دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی کے شہریوں کے لیے آئندہ چند روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث شہرِ قائد میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جو شہریوں کے لیے دُہری اذیت کا سبب بنے گا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے سمندری بادلوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں صبح اور رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی یا پھوار پڑ سکتی ہے۔ اگرچہ شہر میں کسی بڑے طوفان یا موسلا دھار بارش کا امکان نہیں ہے۔

تاہم اگر 2 سے 4 جون کے درمیان بلوچستان کے اطراف بننے والے بادل شدت اختیار کرتے ہیں، تو کراچی میں تیز آندھی اور ہلکی بوندا باندی دیکھنے میں آسکتی ہے۔