(ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے پاکستان کے اسپن بالر عثمان طارق کے بالنگ ایکشن کے خلاف کرکٹ آسٹریلیا ( آسٹریلین کرکٹ بورڈ) آئی سی سی میں شکایت درج کرانے والا ہے۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرن گرین نے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستانی اسپنر کے ایکشن پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ورلڈ کپ 2026 سے قبل عثمان طارق کے بارے میں کہا تھا کہ یہ گیندباز اس ورلڈ کپ میں ایک سرپرائز پیکج ثابت ہوگا۔
بھارت کی بڑی اردو نیوز ویب کے مطابق پاکستان کے اسپن گیندباز عثمان طارق اپنی بولنگ ایکشن کو لے کر خبروں میں ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا ان کے بولنگ ایکشن کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرانے والا ہے۔ آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرن گرین نے پاکستانی اسپنر کے ایکشن پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عثمان کا بولنگ ایکشن کافی عجیب و غریب دکھائی دیتا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ گیند کو تھرو کر رہے ہوں۔ گرین نے ان پر چَکنگ کا الزام لگایا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ لاہور میں کھیلا گیا، جس میں عثمان طارق نے کیمرن گرین کو آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے کے بعد گرین ناخوش نظر آئے اور پویلین لوٹتے ہوئے ہاتھ گھما کر اشارہ کیا کہ عثمان کا بولنگ ایکشن مشکوک ہے۔
رپور؛ٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عثمان طارق نے آسٹریلیا کی اننگز کے11ویں اوور کی پانچویں گیند پر کیمرن گرین کو شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ عثمان طارق نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی اور سیٹ بلے باز کو پویلین بھیج دیا۔ 78.6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عثمان طارق نے رُک کر آہستہ رفتار کی فلش گیند پھینکی۔ گرین نے مڈ آف/ایکسٹرا کور کے اوپر سے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، مگر گیند بلّے کے بیرونی کنارے سے لگ کر ہوا میں اچھل گئی۔ بیک ورڈ پوائنٹ پر شاداب خان نے آسانی سے کیچ پکڑ لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے اپنی چھٹی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد گرین نے عثمان کی بولنگ کے حوالے سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ گرین 20 گیندوں پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیجنڈ آل راؤنڈر وسیم اکرم عثمان طارق کو آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ میں میچ ونر کھلاڑی مانتے ہیں۔ اکرم نے حال ہی میں کہا تھا کہ عثمان ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے میچ ونر ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ورلڈ کپ 2026 سے قبل دیگر ٹیموں کو خبردار بھی کیا ہے۔ عثمان پہلی بار پاکستان کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ اکرم کے مطابق یہ گیندباز اس ورلڈ کپ میں ایک سرپرائز پیکج ثابت ہوگا۔وسیم اکرم یہیں نہیں رکے۔ انہوں نے عثمان طارق کا موازنہ سری لنکا کے سابق مسٹری اسپنر اجنتا مینڈس سے بھی کیا ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ جس طرح اجنتا مینڈس نے 2008 میں اپنی جادو والی بولنگ سے بلے بازوں کے دلوں میں خوف پیدا کیا تھا، اسی طرح عثمان بھی ورلڈ کپ میں دیگر ٹیموں کے لیے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔
پاکستان کے اسپن بالر عثمان طارق کی پیدائش یکم جنوری 1998 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے 2025 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عثمان اپنے ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر میں ہیٹ ٹرک بھی لے چکے ہیں، جو انہوں نے نومبر 2025 میں زمبابوے کے خلاف لی تھی۔