(قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ پنجاب کابینہ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان ایک طرف تو پنجاب حکومت کے 100 دنوں، وزراءاور ان کے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے دوسری جانب ان کی لاہور آمد سے شہر کی سڑکیں ویران ہوچکی ہیں،صرف اور صرف ان کے شاہانہ پروٹو کول کی گاڑیاں فراٹے بھرتی نظر آئیں۔
وی آئی پی پروٹوکول نہ لینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،وزیراعظم کے قافلے میں کئی گاڑیاں شامل اور عام شہریوں کیلئے سڑکیں بند کردی گئیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے پی ٹی آئی کی حکومت نے آتے ہی سو روزہ پلان میں پروٹوکول نہ لینے اور کفایت شعاری اپنانے کا وعدہ کیا تھا۔