ویب ڈیسک: امریکا نے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت 50 مختلف ممالک کے شہریوں سے کاروباری اور سیاحتی ویزا (B1/B2) کے اجرا سے قبل 20 ہزار ڈالر تک کا بانڈ طلب کیا جا سکے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے 2025 کے پائلٹ پروگرام کے نتائج کی بنیاد پر اس پالیسی کو مستقل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت 5 ہزار ڈالر والے بانڈ کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ بانڈ کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر 20 ہزار ڈالر مقرر کر دی گئی ہے۔
یہ قانون 3 اگست کو فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے کے بعد نافذ العمل ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود امریکا میں غیر قانونی طور پر قیام کرنے والے افراد کی تعداد میں کمی لانا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے ساتھ ساتھ قانونی امیگریشن کے قوانین بھی مزید سخت کر رہی ہے، جن میں بعض ویزا کی نئی فیسیں اور درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال بھی شامل ہے۔