ویب ڈیسک: کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی اور نوجوان سماجی کارکن ابھیجیت دیپکے کی شادی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کے درمیان ان کی والدہ انیتا دیپکے نے کہا ہے کہ اس وقت ان کے بیٹے کی صحت اور مستقبل سب سے بڑی ترجیح ہے، اس لیے گھر واپسی کے بعد بھی فوری طور پر شادی کا ذکر نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انیتا دیپکے نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً دو برس سے ابھیجیت کے لیے مسلسل شادی کے رشتے آ رہے ہیں، تاہم ان کا بیٹا پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنا اور اپنی محنت سے روزگار حاصل کرنا چاہتا ہے، جس کے بعد ہی شادی کا فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا نہیں، لیکن ابھیجیت اپنی کمائی سے شادی کرنا چاہتا ہے اور اصولی مؤقف رکھتا ہے کہ شادی کے موقع پر کپڑوں کے علاوہ کوئی تحفہ یا مالی تعاون قبول نہیں کرے گا۔
انیتا دیپکے کے مطابق حالیہ دنوں میں ان کی بیٹے سے زیادہ تر ویڈیو کال پر بات ہوتی ہے، جس میں شادی نہیں بلکہ اس کی صحت زیرِ بحث رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھیجیت اس وقت طبیعت کی خرابی کے باعث آرام کر رہے ہیں، اسی لیے انہیں پہلے مکمل صحت یاب ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ممکنہ دلہن سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ نہ انہوں نے کسی لڑکی کو دیکھا ہے اور نہ ہی ابھیجیت نے اس حوالے سے کوئی بات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر واپسی کے بعد بھی کم از کم ایک ماہ تک وہ شادی کا موضوع نہیں چھیڑیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر والدین کی طرح وہ بھی اپنے بیٹے کو شادی کے بندھن میں بندھتا دیکھنا چاہتی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ ابھیجیت دیپکے کا ہی ہوگا۔