ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکی وفد کی پنجاب میں موجودگی سرمایہ کاروں کے بحال شدہ اعتماد کا اشارہ ہے، مریم نواز

امریکی وفد کی پنجاب میں موجودگی سرمایہ کاروں کے بحال شدہ اعتماد کا اشارہ ہے، مریم نواز
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکہ سے آئے اعلیٰ سطح کے بزنس وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفد کا پنجاب آمد پر خیرمقدم کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، جبکہ امریکی سرمایہ کاروں کی موجودگی صوبے میں بحال ہوتے ہوئے سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث تاریخی شہر لاہور مزید خوبصورت نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے پاکستان کے اہم اقتصادی شراکت داروں میں شامل ہے اور اب دونوں ممالک کے تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، جدت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

مریم نواز نے اس ملاقات کے انعقاد میں کردار ادا کرنے پر اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون ہے اور ملک کی ترقی و نمو میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد حصہ ڈالتا ہے، جبکہ مینوفیکچرنگ میں صوبے کا حصہ 48 فیصد اور خدمات کے شعبے میں 57.4 فیصد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب تقریباً 13 کروڑ افراد پر مشتمل پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جہاں 65 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، جو سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک بڑی قوت ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی اہم زرعی فصلوں میں گندم، چاول، مکئی اور کماد شامل ہیں، جبکہ صوبہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے صوبائی حکومت "ون گورنمنٹ، ون ونڈو" ماڈل کے تحت تیز، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنایا جا سکے۔