ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسکول بند رکھنے کی سفارش، تعطیلات میں توسیع کا امکان  

 اسکول بند رکھنے کی سفارش، تعطیلات میں توسیع کا امکان  
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بلوچستان میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

 محکمہ تعلیم بلوچستان نے موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں کو فوری طور پر نہ کھولنے کی سفارش کی ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ایک ہنگامی مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں اسکولوں کو 12 اگست تک بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگست کے ابتدائی دو ہفتے بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا اور درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اس شدید موسم میں بچوں کو اسکول بھیجنا ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں اسکولوں میں بنیادی سہولیات دستیاب نہیں۔

ماہرین صحت بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ شدید گرمی میں طلبہ کے لیے کلاسز لینا جسمانی و ذہنی طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق اس فیصلے کا مقصد بچوں کی جان و صحت کو ترجیح دینا ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں تعطیلات میں توسیع سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں فی الحال تعطیلات 15 اگست 2025 تک جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے، تاہم گرمی کی شدت اور والدین کی بڑھتی ہوئی تشویش کے پیش نظر وہاں بھی نظرثانی کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں اسکول رسمی طور پر 15 اگست کو کھلیں گے، لیکن مکمل تدریسی عمل کا آغاز 18 اگست، پیر سے متوقع ہے۔