سٹی42: جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار،شمال مشرقی بلوچستان ،کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کےدیگرعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان۔
اُفق پر چھائے بادلوں نے شہر لاہور کا منظر دلفریب بنا دیا ہے جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آئندہ چند روز کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں آج بارش کے 80 فیصد امکانات موجود ہیں جبکہ رواں اور آئندہ ہفتے میں مجموعی طور پر 50 فیصد بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب اسلام آباد،پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی۔
راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، میانوالی، ملتان میں بادل برسیں گے، پشاور، سوات، چترال، ہری پور، صوابی، کوہاٹ، لکی مروت میں بھی بارش کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شام کے اوقات میں تھرپارکر،عمر کوٹ اور ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، کرک، ہنگو کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔