سٹی 42 : لاہور شہر میں عید کا دوسرا روز انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، بچوں بڑوں اور خواتین نے اپنوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منائیں۔ مختلف علاقوں میں یتیم طلبا کیلئے عید ملن کا اہتمام کیا گیا۔ عید کے دوسرے روز دیسی کشتی مقابلے بھی ہوئے ۔ اس کے علاوہ مختلف پارکوں میں سیاحوں کا ہلہ گلہ جاری رہا ۔
عید کا دوسرا روز شہر بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔
عید کے پہلے روز مہمان بن کر دعوت اڑانے والے آج میزبانی میں مصروف رہے ۔ دوست یاروں اور رشتے داروں نے ایک دوسرے کی دعوتیں کیں، اسی طرح میل ملاپ کا سلسلہ جاری رہا ۔
پیاروں کیلئے لذیز کھانوں کا دستر خوان سجانے کیلئے خواتین خانہ کچن میں مصروف رہیں، ساتھ ہی مرد حضرات بھی خاتون خانہ کی مدد کروانے کیلئے کچن میں موجود رہے۔
تفریحی مقامات پر رش
میٹھی عید پر لاہور کے مختلف پارکس میں شہریوں کا رش لگا رہا، گلشن اقبال پارک میں سیاحوں کا ہلہ گلہ جاری رہا۔ پارک میں سیاح جھولوں سے لطف اندوز ہوئے۔ رنگ برنگے خوبصورت کپڑے زیب تن کئے سیاح پارک انجوائے کرتے رہے ۔
فیملیز ایک دوسرے کے ساتھ بہترین وقت گزارنے میں مصروف رہیں ۔
عیدکےدوسرےروزنواز شریف پارک ماڈل ٹاؤن میں عید کے رنگ بکھر گئے ۔ شہری اپنے پیاروں اور اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں دوبار کرنے پارک میں موجود رہے۔
جھولے اور چٹ پٹے کھانے کھا کر بچے عید کی خوشیاں منانے میں مصروف رہے ۔
یتیم طلبا کیلئے عید ملن کا اہتمام
اسلام پورہ میں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم یتیم طلبا کیلئے عید ملن کا اہتمام کیا گیا ۔ صدر پنجاب پولٹری ٹریڈرز طارق جاوید کی جانب سے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔
طلبا نے تقریب میں اپنے اپنے علاقوں کا روایتی رقص پیش کیا، عید ملن پارٹی میں طلبا کی باربی کیو سے تواضع کی گئی۔
مشن سپریڈ اے سمائل کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام بیگم عنائیت فاونڈیشن میں داخل سینکڑوں بچوں کیلئے کیا گیا۔
بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کرنے کے ساتھ ظہرانہ بھی دیا گیا۔ تقریب کے دوران معروف جادوگر ضیاء چوہان نے رنگا رنگ کرتب دیکھائے۔
مشن سپریڈ اے سمائل کے سی ای او ڈاکٹر شاہ ویز یوسف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اس کےعلاوہ چودھری جمشید یوسف اور محمد سائل خان نیازی نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
دارالشفقت میں بچوں نے عید کی خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منایا۔ دارالشفقت کے چیئرمین سہیل بٹ نے تمام بچوں کے ساتھ وہیں عید منائی ۔
سہیل بٹ نے کہا کہ یہ بچے ہمارے اپنے ہیں، ہم ان کے سرپرست اعلیٰ ہیں ۔ بچوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ ادارہ بہت اچھا ہے ہمیں یہاں ایسا ہی لگتا جیسا ہمارا اپنا گھر ہے ۔
دیسی کشتی مقابلے
لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عید کی خوشی میں دیسی کشتی مقابلے کروائے جائیں گے۔ مقابلے صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن مہر اکرم کی زیر نگرانی ہوں گے۔
کشتی مقابلوں کا انعقاد شہباز شریف اسٹیڈیم چائنہ سکیم میں کیا جائے گا۔
دیسی کشتی مقابلوں کے انتظامات کیلئےلاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا۔ مہر اکرم عرف کالا پہلوان نے اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر کالا پہلوان نے کل اور 6اپریل کو ہونیوالے دنگل کیلئےپہلوانوں کی ڈیوٹیاں لگائیں۔
کالا پہلوان صدر پنجاب ریسلنگ ارشد ستار کی ہدایت پر مقابلوں کا انعقاد کررہے ہیں ۔
چیئرمین لالہ شاہد ، فرید علی پہلوان ،شہباز بٹ معاونت کریں گے۔
اجلاس میں ببا پہلوان ، سوناچاندی،خلیفہ مٹھو،جہاں خان پہلوان، خلیفہ سوہنا پہلوان ، فیصل پہلوان،سخی پہلوان، مہر وقاص پہلوان ، مہر شہزاد، حیدر علی پہلوان، ارشد خان پہلوان ،ماما پہلوان نے شرکت کی ۔
کالا پہلوان نے کہا کہ عیدکی خوشی میں چائنہ سکیم میں دنگل کا انعقاد کروا رہے ہیں ۔