(اختشام کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت کی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس پرسماعت کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کی طرف سے علی ظفر نے دلائل دیئے،دوران سماعت عدالت نے پوچھا کہ کیا آج اپیل سماعت کے لیے مقرر ہے؟ اپیل شروع نہیں کریں گے، اگرآپ چاہتے ہیں تو سزا معطلی پر دلائل دےدیں،اس پر علی ظفر نے کہا کہ ہم سزا معطلی کی بجائے مرکزی اپیل پر دلائل دیں گے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ توشہ خانہ کیس آج سن کر کل سماعت کے لیے نہیں رکھ سکتے، سائفر کیس میں ایف آئی اے کے دلائل شروع ہونے ہیں، ہمیں نہیں معلوم وہ کتنا وقت لیتے ہیں، ہم توشہ خانہ کیس کو عید کے بعد رکھ لیتے ہیں،کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فیصلے کا جائزہ لیا ہے یہ سزا معطلی کا کیس ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ یہ نیب کا بڑا قابل تعریف موقف ہے۔
نیب نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی پر رضامندی کا بیان دیدیا. بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی۔