ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مہنگائی کے باوجود قربانی کا رجحان بڑھ گیا، پنجاب میں 20 لاکھ سے زائد جانور قربان

مہنگائی کے باوجود قربانی کا رجحان بڑھ گیا، پنجاب میں 20 لاکھ سے زائد جانور قربان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: مہنگائی اور بڑھتے اخراجات کے باوجود شہریوں کے مذہبی جذبہ قربانی میں کمی نہ آسکی، بلکہ رواں سال قربانی کے جانوروں کی خریداری اور ذبح کرنے کے رجحان میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں اس سال مجموعی طور پر 20 لاکھ 28 ہزار 217 جانور قربان کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔ گزشتہ سال یہ تعداد 15 لاکھ 34 ہزار 350 تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق قربان کیے گئے جانوروں میں 13 لاکھ 28 ہزار 891 چھوٹے جانور شامل تھے جن میں بکرے، چھترے، بھیڑیں اور دنبے شامل ہیں، جبکہ بڑے جانوروں کی تعداد 6 لاکھ 99 ہزار 326 رہی۔ بڑے جانوروں میں گائے، بیل، بچھڑے اور اونٹ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس سال قربانی کے جانوروں کی مجموعی تعداد میں تقریباً 4 لاکھ 94 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو شہریوں کے مذہبی جذبے اور منڈیوں میں بہتر سپلائی چین کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑے شہروں سمیت صوبے بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں شہریوں نے بڑھتی مہنگائی کے باوجود جانوروں کی خریداری میں بھرپور حصہ لیا۔

ماہرین کے مطابق قربانی کے رجحان میں اضافہ معاشی دباؤ کے باوجود عوام کے مضبوط مذہبی جذبات اور اجتماعی سماجی رویوں کی عکاسی کرتا ہے۔