شہباز علی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ کی میزبانی کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق میچ کے انعقاد کے پیش نظر نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس اور قذافی اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ شائقین کی آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے اطراف کی سڑکوں پر اضافی لائٹس بھی نصب کر دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کی پریکٹس سیشنز کے لیے بھی تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ 2 جون کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور شائقین کو دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
میچ کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم میں ایمرجنسی ہسپتال بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ تماشائیوں اور کھلاڑیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔