ابوبکر ارشد: شہر میں اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ مرغی کا گوشت اور انڈے بھی سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہونے لگے ہیں، جس سے شہریوں بالخصوص کم آمدن والے طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 475 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 500 سے 520 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ یوں صارفین کو فی کلو 25 سے 30 روپے اضافی ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں مرغی کا گوشت نسبتاً سستا پروٹین سمجھا جاتا تھا اور یہی ایک ایسی غذا تھی جو غریب اور متوسط طبقہ کسی حد تک خرید سکتا تھا، لیکن اب اس کی قیمت میں اضافے نے ان کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔ مارکیٹ میں انڈے 250 سے 255 روپے فی درجن تک فروخت ہو رہے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی یہ بنیادی غذائی ضرورت بھی عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو کم آمدن والے خاندانوں کے لیے غذائی ضروریات پوری کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔