سری لنکن حکام نے مفت سائیکل سروس متعارف کرا دی

 سری لنکن حکام نے مفت سائیکل سروس متعارف کرا دی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کولمبو: سری لنکن حکام نے ملک میں ایندھن کی قلت کے باعث مفت سائیکل سروس متعارف کرا دی ہے۔ 

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بدترین معاشی بحران کی وجہ سے سری لنکا میں گزشتہ کچھ عرصے سے پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت ہے کیونکہ ملکی خزانے میں اتنی سکت نہیں ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرسکے۔

سری لنکا میں گزشتہ دنوں حکام نے باقاعدہ یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ملک میں صرف ایمبولینس سروسز کے لیے ہی پیٹرول کا ذخیرہ رہ گیا ہے اور چونکہ ہمارے پاس مزید پیٹرول خریدنے کی سکت نہیں ہے اس لیے کولمبو کی بندرگاہ پر لنگر انداز بحری جہاز کے مالکان نے پیٹرول اتارنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس ضمن میں سری لنکا کے وزیر خزانہ کا پارلیمنٹ میں کہنا تھا کہ بحری جہاز کے مالکان کے پہلے کے بھی بقایاجات ہیں جو ہم تاحال ادا نہیں کر سکے ہیں۔

خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق کولمبو کی مرکزی بندرگاہ میں حکام نے ذرائع نقل و حمل کے لیے مفت سائیکل سروس متعارف کرادی ہے۔ پورے ملک میں لوگوں کو گھنٹوں قطار میں ایندھن کی خریداری کے لیے لگنا پڑتا ہے۔

سری لنکا پورٹس اتھارٹی کے چیئرمین پرسنتھا جیامنا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مفت سائیکل سروس متعارف کرانے کا بنیادی مقصد کولمبو کی بندرگاہ میں پٹرول کو محفوظ کرنا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں پرسنتھا جیامنا نے کہا کہ بندرگاہ آنے والوں کی سہولت کے لیے غیر استعمال شدہ ریلوے لائن کے ساتھ ایک سائیکل ٹریک بھی بنایا ہے تاکہ وہ دوسری گاڑیوں کے بجائے سائیکل استعمال کریں۔

انہوں نے بتایا کہ بندرگاہ کے ذریعے چلنے والی شپنگ لائنز نے اس سروس کو شروع کرنے کے لیے 100 سائیکلیں عطیہ کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ سری لنکا کو درپیش معاشی پریشانیوں سے محفوظ ہے اور کارکنوں کو اپنے ذخائر سے پیٹرول فراہم کر رہی تھی۔

چیئرمین سری لنکا پورٹس اتھارٹی نے کہا کہ ہم اپنا کام معمول کے مطابق کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے پاس ایندھن کا اسٹاک موجود ہے۔