(قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرورنے اپوزیشن کو سیاست کیلئے وقت کے انتظار کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے معاملات پر اپوزیشن مشورہ ضرور دے مگر سیاست نہ کرے۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا کیلئے یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورننگ کا نہیں، متحد ہونے کا ہے ، کورونا کو شکست دیں گے تو حکومت و اپوزیشن سمیت سب کی جیت ہوگی، خدانخواستہ کورونا بڑ ھے گا تو 22 کروڑ پاکستانیوں کا نقصان ہوگا۔
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اگر سمجھتی ہے کورونا سے صرف حکومت کو نقصان ہوگا تویہ درست نہیں، جب کورونا بحران سے نکل آئیں گے توپھر سب سیاست کر یں، عمران خان کی قیادت میں حکومت نے غریبوں کیلئے تاریخی پیکج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کیخلاف جنگ صرف حکومت کی نہیں سب کی جنگ ہے، عوام نے کورونا کو سنجیدہ نہ لیا تو کورونا کو روکنا ممکن نہیں رہے گا۔