(ریحان گل) پنجاب حکومت نےبلدیاتی انتخابات کی جانب ایک قدم اور بڑھا دیا، نیبرہڈ اور ویلج پنچایت الیکشن رولز 2020 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
الیکشن رولز کے تحت انتخابات کےانعقاد کا تمام طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، رولز کےمطابق الیکشن شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، امیدوار کو 5000 ہزار روپے نامزدگی فیس ادا کرنا ہوگی، کسی سیاسی پارٹی کا نشان امیدوار کو نہیں دیا جائےگا، پولنگ کے لیےکم ازکم7 گھنٹے کا وقت رکھا جائےگا، ہر ووٹر کو تین بیلٹ پیپرز دئیے جائیں گے، جنرل،خاتون اور اقلیتی امیدوار کےلیےالگ الگ بیلٹ پیپر ہوگا، ووٹ برابر ہونےکی صورت امیدواروں کےمابین ٹاس کرایا جائےگا۔
رولز کے مطابق ٹاس جیتنے والا امیدوار ہی کامیاب تصور ہوگا،ریٹرننگ افسران الیکشن کےایک ماہ کے اندر مفصل رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نومبر کے وسط سے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا، پہلے مرحلے میں نیبر ہڈ اور ویلیج پنچائیت کونسل کے انتخابات کروائے جائیں گے۔ الیکشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز دسمبر کے وسط سے کیا جائے گا، جس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن ، تحصیل کونسل سمیت دیگر بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے، محکمہ بلدیات پنجاب اور الیکشن کمیشن مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 21 اگست کو جاری کرے گا، 19 ستمبر تک فہرستوں پر اعتراضات دائر کیے جائیں گے، 26 ستمبر تک حلقہ بندیوں پر اپیلیں سنی جائیں گی جبکہ 27 ستمبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی، اکتوبر اور نومبر کے 15 دن الیکشن کے انتظامات کیلئے رکھے جائیں گے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، عید کے فورا بعد لاہوراور پنجاب کے تمام اضلاع میں دفاتر بنانے کے احکامات کارکنوں کو دے دیئے گئے ہیں۔