اسرار خان: لاہور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال زیادتی اور اجتماعی زیادتی کے مقدمات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران زیادتی کے مقدمات میں 13 فیصد جبکہ اجتماعی زیادتی کے واقعات میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق 2025ء کے پہلے 7 ماہ میں لاہور میں زیادتی کے 362 جبکہ اجتماعی زیادتی کے 19 مقدمات درج ہوئے تھے۔ رواں سال اسی مدت کے دوران زیادتی کے 411 اور اجتماعی زیادتی کے 29 مقدمات رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق سٹی ڈویژن میں گزشتہ سال زیادتی کے 31 مقدمات درج ہوئے تھے، جو رواں سال بڑھ کر 42 ہوگئے۔ صدر ڈویژن میں گزشتہ سال 81 کے مقابلے میں رواں سال 110 واقعات رپورٹ ہوئے۔
اقبال ٹاؤن ڈویژن میں بھی زیادتی کے مقدمات میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں گزشتہ سال 41 کے مقابلے میں رواں سال 66 مقدمات درج کیے گئے۔
اجتماعی زیادتی کے واقعات کے حوالے سے کینٹ ڈویژن میں گزشتہ سال 4 کے مقابلے میں رواں سال 8 مقدمات درج ہوئے۔ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں بھی اجتماعی زیادتی کے واقعات 4 سے بڑھ کر 8 ہوگئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال سول لائنز ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کا کوئی مقدمہ رپورٹ نہیں ہوا تھا، تاہم رواں سال پہلے 7 ماہ میں 3 مقدمات درج کیے گئے۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کے مقدمات کی تعداد 3 سے بڑھ کر 4 ہوگئی۔