ثمرہ فاطمہ:شہر میں شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کے موجودہ حالات کے دوران 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہریوں کو گرمی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں، محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
مری اور گلیات سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بارش کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد اور خنک ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات شامل ہیں، میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے، اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔