طاہر جمیل: کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
کمشنر لاہور کے مطابق شہر کے 16 مختلف مقامات سے بارش کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے جبکہ تمام سورنگ پوائنٹس اور حساس مقامات پر قائم کیمپس کو فعال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے واسا انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کیلئے تمام مشینری مکمل فعال رکھی جائے اور ڈسپوزل اسٹیشنز پر بیک اپ سسٹم ہر وقت تیار حالت میں موجود ہو۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ نشیبی علاقوں، مرکزی شاہراہوں اور بارش سے متاثر ہونے والے مقامات پر ایمرجنسی ٹیمیں فوری نکاسی آب کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ واسا، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کی ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں میں مکمل طور پر متحرک رہیں۔
کمشنر لاہور نے انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کیلئے مشینری فعال رکھنے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد کے ساتھ چلانے کی بھی ہدایت کی۔